Thursday, April 25, 2024

مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے اقتصادی سروے جاری کر دیا

مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے اقتصادی سروے جاری کر دیا
June 11, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے اقتصادی سروے جاری کر دیا۔ کورونا کے باعث قومی آمدنی میں کمی، معاشی شرح نمو منفی 0.4 فیصد رہی۔ زرعی شعبے کی ترقی 3.5 فیصد کے ہدف کی بجائے 2.7 فیصد تک محدود رہی۔ صنعتی شعبے کی کارکردگی 2.3 کے مقابلے منفی 2.3 فیصد رہی۔ خدمات کے شعبے، کپاس اور دیگر شعبوں میں پیداوار ہدف کے مقابلے میں منفی رہی۔ مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا کہ اقتصادی بحران حکومت کو ورثے میں ملا، ‏رواں مالی سال ہمارے اخراجات آمدن سے زیادہ رہے۔ جاری کھاتوں کے 20 ارب خسارے کو 3 ارب تک لے آئے، ماضی کے قرضوں کی مد میں 5 ہزار ارب روپے واپس کیے۔ صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئےکار لائیں گے۔ فوج کے بجٹ کو منجمد کیا گیا جس پر آرمی چیف کے مشکور ہیں۔ مشیر خزانہ حفیظ شیخ  نے کہا ‏ کمزور طبقہ وزیراعظم کے وژن کا مرکز ہے، کوشش کی لوگوں کو بنیادی سہولتیں دیں۔ احساس پروگرام کا بجٹ ڈبل کیا، پہلی دفعہ متوازن پالیسی سے اخراجات اور آمدن میں توازن لایا گیا، کسی وزارت کو ضمنی بجٹ جاری نہیں کیا گیا۔ ہماری ترجیح وسائل بڑھانا رہی ہے، موجودہ حکومت نے صنعتی شعبے کو بحال کیا۔ کورونا سے جی ڈی بی کو 3 ہزار ارب سے زیادہ نقصان پہنچا۔ مشیر خزانہ نے کہا گزشتہ حکومت کے 5 سال میں برآمدات صفر فیصد بڑھیں، دیکھنا چاہیے حکومت نے قرضےکیوں لیے؟ ‏سابق حکومت نے ڈالر کو سستا رکھا، درآمدات برآمدات سے دوگنا ہو گئیں۔ ماضی میں گروتھ قرض لے کر حاصل کی گئی۔