Sunday, September 8, 2024

حکومت نے مشرف کو پہلے غدار بنایا اور پھر باہر بھیج دیا : خورشید شاہ

حکومت نے مشرف کو پہلے غدار بنایا اور پھر باہر بھیج دیا : خورشید شاہ
March 22, 2016
اسلام آباد (92نیوز) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پرویز مشرف پر غداری کا مقدمہ موجودہ حکومت نے بنایا۔ نوازشریف کی آستینوں میں سانپ چھپے ہیں۔ آرٹیکل چھ لگانے کے معاملے پر حکومت ٹریپ ہوئی۔ غداری کا مقدمہ بارہ اکتوبرسے شروع ہوتا توسابق چیف جسٹس بھی لپیٹ میں آسکتے تھے۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے غیررسمی گفتگو میں خورشید شاہ نے کہا کہ ہم نے پرویز مشرف کوغدار نہیں کہا۔ موجودہ حکومت نے انھیں غدار بنایا۔ ہم نے تو مشرف سے حلف لیا۔ آرٹیکل 6 لگانے کے معاملہ پر حکومت ٹریپ ہوئی۔ نوازشریف کی آستینوںمیں سانپ چھپے ہیں۔نوازشریف شاید اپنے وزراءسے گھبراتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب پارلیمنٹ نے نواز شریف کو مشرف پر غداری کا مقدمہ درج کرنے کی اجازت دی تو کم سے کم ان کے ملک سے باہر جانے کے معاملے پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں ضرور لیا جاتا۔ اگر غداری کامقدمہ بارہ اکتوبر سے شروع ہوتا تو افتخار چوہدری بھی لپیٹ میں آسکتے تھے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ یہ پہلی ڈیل نہیں ہے۔ جس مشرف نے نواز شریف کو ایک ڈیل کے تحت باہر بھیجا اسی نواز شریف نے مشرف کو ڈیل کرکے بھجوا دیا۔ پیپلزپارٹی کے این آر او کا فائدہ تو تمام سیاسی جماعتوں کو ملا۔ نواز شریف اور ان کے بھائی این آر او کے بغیر وطن نہیںآسکتے تھے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ چوہدری نثار نواز شریف کو بے عزت کرانا چاہتے ہیں۔ انھوں نے وزیر داخلہ کا نام لئے بغیر کہا کہ وہ مشرف کے ترجمان بنے بیٹھے ہیں لیکن ہم پارلیمنٹ میں جنگ نہیں چاہتے۔ برے سے برا وقت بھی آجائے اس پارلیمنٹ کے خلاف نہیں جائیں گے۔ جب اقتدار کے پانچ برسوں میں پرویز مشرف کے خلاف عدالت میں نہیں گئے اب ان کے باہر جانے پرہم کیسے پارٹی بن سکتے ہیں۔