Thursday, April 25, 2024

موجودہ حکومت ریاست مدینہ کے حوالے سے فلاحی ریاست کے لیے کوشاں ہے، شاہ محمود قریشی

موجودہ حکومت ریاست مدینہ کے حوالے سے فلاحی ریاست کے لیے کوشاں ہے، شاہ محمود قریشی
November 17, 2019
 ملتان (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا موجودہ حکومت ریاست مدینہ کے حوالے سے فلاحی ریاست کے لیے کوشاں ہے۔ وزیر خارجہ مغدوم شاہ محمود قریشی نے وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک کی رہائش گاہ پر منعقدہ سیرتؐ کانفرنس سے خطاب کیا۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی جاوید اختر انصاری اور ملک سلیم لابر ایم پی اے بھی موجود تھے۔ سیرت کانفرنس میں مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی بڑی تعداد میں شرکت ہوئی۔ وزیر خارجہ مغدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے خطاب میں کہا آپؐ رہتی دنیا تک سب سے بڑے رسول، قانون دان ،جرنیل، حکمران اور سیاستدان ہیں۔ حضور اکرمؐ کی زندگی کے مختلف پہلووں سے ہمیں رہنمائی تلاش کرنی ہے۔ حضرت محمدؐ نے ایک فلاحی اور رفاہی ریاست قائم کی۔ اسی نظام کو آج یورپ اور پوری دنیا میں ویلفئیر سٹیٹ کے نام سے پیش کیا جاتا ہے۔ شاہ محمود قریشی بولے موجودہ حکومت ریاست مدینہ کے حوالے سے ایسی ہی فلاحی ریاست کے لیے کوشاں ہے۔ صحت انصاف کارڈ اور احساس پروگرام فلاحی ریاست کی طرف پیش قدمی ہے۔ انہوں نے کہا میرا اولین ایجنڈا ملک وملت کی خدمت ہے۔ پاکستان کو بہت بڑے امتحان درپیش ہیں۔ وطن عزیز کو بڑی آزمائشوں کا سامنا ہے۔ اپنی عہدے کے حوالے سے پاکستان کے وقار کے لیے کوشاں ہوں۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا حکومت کو اس ایک سال میں بین الاقوامی سطح پر بہت  کامیابیاں ملی ہیں۔ امریکہ، کینیڈا، یورپ، امارات، افریقہ اور سعودی عرب میں رہنے والے پاکستانی اس کے گواہ ہیں۔ اس ایک سال میں بیرون ملک پاکستانیوں کی عزت و تکریم میں اضافہ ہوا ہے۔ سیرت کانفرنس میں ملک کے نامور نعت خواں قاری وحید ظفر قاسمی نے پیارے نبیؐ کے حضور گلہائے عقیدت پیش کئے۔ ان کی معروف نعتوں پر عاشقان رسول جھومتے رہے۔ روح پرور کانفرنس میں درودو سلام کی صدائیں گونجتی رہیں۔ قاری عبدالغفار نقشبندی نے  قرآن مجید کی تلاوت کےذریعے  اہل ایمان کے دل منور کر دیئے کانفرنس کے اختتام پر وزیرخارجہ مغدوم شاہ محمود قریشی نے دعا کرائی۔