Wednesday, May 22, 2024

موجودہ حکمرانوں نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا، اس کٹھ پتلی کو گرانا پڑے گا، بلاول بھٹو

موجودہ حکمرانوں نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا، اس کٹھ پتلی کو گرانا پڑے گا، بلاول بھٹو
October 23, 2019
 اسلام کوٹ (92 نیوز) چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا موجودہ حکمرانوں نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا۔ اس کٹھ پتلی کو گرانا پڑے گا، پاکستان کو بچانا پڑے گا۔ اسلام کوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا آج سلیکٹڈ کا راج ہے، معاشی حقوق پر حملے ہو رہے ہیں، عوام کے معاشی حقوق سلب کیے جا رہے ہیں۔ مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کا معاشی قتل ہو رہا ہے۔ سبسڈیز چھین کر کسانوں کا قتل کیا جا رہا ہے۔ روزگار نہ دے کر نوجوانوں کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے۔ صوبے کے حقوق چھینے جارہے ہیں۔ صوبوں کو ان کے حصے کے پیسے نہیں دیئے جارہے۔ بلاول بھٹو بولے اب یہ کراچی پر بھی قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ پہلے بھی ارسا ناانصافی کرتا تھا۔ اب پھر ارسا سے آپ کی نمائندگی کم کر رہے ہیں۔ یہ آپ کا پانی چوری کرنا چاہتے ہیں۔ یہ عوام کا معاشی قتل ہو گا جو کہ ہم بالکل نہیں ہونے دیں گے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا چھ مہینے پہلے اسلام کوٹ آیا تھا۔ آپ کا مطالبہ تھا کہ تھرپارکر کو یونیورسٹی کی ضرورت ہے۔ کل میں یونیورسٹی کا افتتاح کروں گا۔ اب آپ کے بچوں کو بھی تعلیم ملے گی۔ بلاول بھٹو اپنے خطاب میں بولے وعدہ کیا تھا کہ 100 یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کی مدد کریں گے۔ آج جن کا بجلی کا بل 100 یونٹ سے کم تھا وہ سندھ حکومت نے ادا کر دیا۔ ہمیں آپ کے دکھ درد کا پتہ ہے، ہم آپ کی اور خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ ہم وفاق سے آپ کا حق چھین کر آپ کی مزید خدمت کریں گے۔ بلاول بھٹو بولے ہمارا اگلا احتجاجی جلسہ 26 اکتوبر کو کندھ کوٹ میں ہو گا۔ پیپلزپارٹی کا کراچی سے کشمیر تک کا سفر جاری ہے۔ جلد ہی حکومت گرے گی اور عوام کے مسائل حل ہو جائیں گے۔