Wednesday, May 8, 2024

موجودہ بجٹ نے پورے پاکستان کو حکومت کے خلاف متحد کر دیا ، بلاول بھٹو

موجودہ بجٹ نے پورے پاکستان کو حکومت کے خلاف متحد کر دیا ، بلاول بھٹو
June 28, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) وفاقی بجٹ مسترد، متحدہ اپوزیشن ایک یک زبان ہو گئی، بلاول بھٹو نے عمران خان کو ہر پاکستانی کی زندگی کیلئے خطرہ قرار دے دیا، خواجہ آصف بولے کہ عمران خان نیشنل لائبلٹی بن چکے، جتنی جتنی جلدی چھٹکارا حاصل کرلیں پریشانیوں سے بچ سکیں گے، اپوزیشن نے شہبازشریف کی صحت یابی پر اے پی سی بلانے کا بھی اعلان کیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو بولے کہ تحریک انصاف کے بجٹ نے پورے پاکستان کو حکومت کے خلاف متحد کردیا، عمران خان کا وزیراعظم ہونا ہر پاکستانی کی زندگی کیلئے خطرہ ہے،تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے اپوزیشن کی تمام جماعتیں مل کر ایک ہی فیصلہ لیں گی۔

لیگ رہنما خواجہ آصف بولے کہ  عمران خان نیشنل لائبلٹی بن چکے ہیں، جتنی جتنی جلدی ہم اس سے چھٹکارا حاصل کرلیں گے پریشانیوں سے بچ سکیں گے، اس وقت نئے مینڈیٹ کی ضرورت ہے،حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے ہم ہر قسم کا آئینی آپشن استعمال کریں گے۔

جماعت اسلامی رہنما میاں اسلم بولے کہ پٹرول کی قیمت بڑھا کر قوم کی جیب پر ڈاکہ ڈالا گیا، حکومت کنٹرول کرنے کی بجائے خود مافیا کا حصہ بن گئی۔جے یو آئی کے رہنما اکرم درانی نے کہا کہ وزیراعظم بھی سلیکٹڈ ہیں اور ان کی پوری ٹیم بھی سلیکٹڈ ہے، ہم نے اس ظالمانہ حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جیسے ہی شہباز شریف صحت یاب ہونگے ہم اے پی سی بلائیں گے، جن حالات کا سامنا پاکستان کو ہے اس کا مقابلہ کرنے کے لیے جس قیادت کی ضرورت ہے وہ ن لیگ میں بھی موجود ہے اور پیپلزپارٹی میں بھی ،موجودہ حالات میں ہمیں جلد ازجلد کوئی فیصلہ کرنا پڑے گا۔