Friday, May 17, 2024

منی لانڈرنگ کے ٹھوس شواہد موجود ہیں، چیئرمین نیب

منی لانڈرنگ کے ٹھوس شواہد موجود ہیں، چیئرمین نیب
July 4, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا منی لانڈرنگ کے ٹھوس شواہد موجود ہیں ۔ چند لوگوں میں وکٹری کا نشان بنانے سے کوئی بےقصور نہیں ہوجاتا۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہمارا کام شواہد اکٹھے کرنا ہے، سزا و جزا ہمارا کام نہیں۔ قانون کے مطابق کام کریں آپ کیساتھ زیادتی نہیں ہوگی۔ چیئرمین نیب کا کہنا تھا نیب کسی قسم کے سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی۔ نیب جوڑ توڑ کیلئے نہیں کرپشن کے خاتمے کیلئے بنا ہے۔ ہم نے ہر کسی کی عزت  نفس کا خیال رکھا ہے۔ ہمارا سیاست میں کیا کام ہے؟ نیب کی پہلی اور آخری وابستگی پاکستان سے ہے۔ جسٹس (ر) جاوید اقبال نے اپنے خطاب میں کہا پروڈکشن آرڈر پر آنے والے پہلی بات یہ کہتے ہیں نیب سیاسی انتقام لے رہا ہے۔  آپ نے ہمارے خلاف کچھ نہیں کیا ، جو بھی کیا ملک کیخلاف کیا۔ نیب کسی سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتا۔ الزام ثابت کریں،خود ہی عہدہ چھوڑ دوں گا۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے مزید کہا کرپشن نہ ہوتی تو ملک ترقی یافتہ ہوتا۔ موجودہ حالات میں خاموش رہنا ناممکنات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا اتنے سالوں میں ایسا اسپتال بھی نہ بن سکا کہ علاج کرا سکیں۔ زکام بھی ہو تو یہ کہتے ہیں باہر علاج کیلئے جانا ہے۔