Wednesday, April 24, 2024

منی لانڈرنگ کیس،جے آئی ٹی کا4ملزموں سے جیل میں تحقیقات کیلئے عدالت سےرجوع

منی لانڈرنگ کیس،جے آئی ٹی کا4ملزموں سے جیل میں تحقیقات کیلئے عدالت سےرجوع
November 14, 2018
کراچی ( 92 نیوز ) سندھ میں اربوں روپے منی لانڈرنگ اسکینڈل میں جے آئی ٹی نے چار ملزمان سے جیل میں تحقیقات کیلئے بینکنگ کورٹ سے رجوع کرلیا۔ دوسری طرف شوگر ملز سے چینی غائب کرنے کے معاملے پر کرمنل شکایات کی سماعت ہوئی۔عدالت نے انور مجید کے میڈیکل سرٹیفکیٹ پر برہمی کا اظہار کیا ، ملزمان پر فردجرم عائد کرنے کیلئے 20 نومبر کی تاریخ مقرر کردی گئی۔ بینکنگ کورٹ نے ملزمان کے وکلاء کو نوٹس جاری کردیے ۔عدالت نے اومنی گروپ کی شوگرملوں سے اربوں روپے کی چینی غائب کرنے کے معاملے پر 2 نجی بینک کی جانب سے7 شوگر ملز کیخلاف کرمنل شکایات کی سماعت بھی کی ۔ انورمجید کو پیش نہ کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا جبکہ انورمجید کے میڈیکل سرٹیفکیٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا ۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا ایسی بیماری نہیں کہ ملزم کو عدالت نہ لایا جائے ۔ عدالت نے پولیس کو آئندہ سماعت پر انورمجید اور ڈاکٹر کو پیش کرنے کی ہدایت  کردی۔ کرمنل شکایتوں کی درخواست پر عدالت نے ملزمان پر فرد جرم کیلئے 20 نومبر کی تاریخ مقرر کردی ،عدالت نے ملزمان کے وکلاء کو  کرمنل شکایات کی دستاویزات بھی فراہم کردیں ۔