Saturday, May 11, 2024

منی لانڈرنگ کیس، نیب کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی استدعا

منی لانڈرنگ کیس، نیب کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی استدعا
November 12, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں نیب نے منی لانڈرنگ ریفرنس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کی استدعا کر دی۔

لاہور کی احتساب عدالت میں شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز لاہور کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کے باعث شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست جمع کروائی گئی جو عدالت نے منظور کر لی۔

دوران سماعت نصرت شہباز کی حد تک نیب کے پہلے گواہ فیصل بلال کے بیان پر جرح کی گئی۔ الیکشن کمیشن کے آفیسر سید طیب زوار اور گواہ خالد محمود بھی جرح کیلئے عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کی سماعت 19 نومبر تک ملتوی کر دی۔

میڈیا سے گفتگو میں حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے مشترکہ اجلاس کو جہاد قرار دیا لیکن اپنی کرپشن کے خلاف جہاد یاد نہیں آیا۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے کہا حکومت کو گھر بیجھنے اور مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ڈینگی کے پنجاب میں بیس ہزار کیسز اور لاہور میں صرف 14 ہزار کیس رپورٹ ہوئے۔ حکومت ڈینگی پر قابو پانے میں بالکل ناکام ہو چکی ہے۔