Sunday, May 12, 2024

منی لانڈرنگ کیس، نیب حکام اقبال زیڈ احمد کے ریمانڈ سے متعلق عدالت کو مطمئن کرنے میں ناکام

منی لانڈرنگ کیس، نیب حکام اقبال زیڈ احمد کے ریمانڈ سے متعلق عدالت کو مطمئن کرنے میں ناکام
September 5, 2019
 کراچی (92 نیوز) منی لانڈرنگ کیس میں نیب حکام اقبال زیڈ احمد کے ریمانڈ سے متعلق عدالت کو مطمئن کرنے میں ناکام ہو گئی۔ عدالت نے اقبال زیڈ احمد کو جسمانی ریمانڈ دینے سے انکار کر دیا اور دو روزہ راہداری ریمانڈ منظور کر لیا ۔ منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار کاروباری شخصیت اقبال زیڈ احمد کی احتساب عدالت میں پیشی ہوئی۔ نیب حکام نے جسمانی ریمانڈ کیلئے استدعا کی جبکہ ملزم کے وکیل نے منی لانڈرنگ الزامات کو مسترد کر دیا ۔ ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس کی انکوائری لاہور کی ہے لیکن میرے موکل کو کراچی میں پیش کیا گیا ۔ عدالت کو بتایا گیا کہ اقبال زیڈ احمد کیخلاف مقدمہ درج ہی نہیں کیا گیا اور نہ ہی کال اپ نوٹس جاری ہوا ۔ نیب افسر نے عدالت کو بتایا کہ اقبال زیڈ احمد کے کراچی بینک سے رقوم منتقل ہوئیں جس پر عدالت نے شواہد مانگ لیے اور کہا کہ اگر چیئرمین نیب نے فیصلہ کیا ہے تو اُن ہی سے وضاحت لے لیتے ہیں ۔ ریمانڈ کیلئے عدالت کو مطمئن کرنا پڑے گا ۔ نیب حکام کی جانب سے اقبال زیڈ احمد کے ریمانڈ سے متعلق عدالت کو تسلی بخش جواب دینے میں ناکامی پرعدالت نے نیب حکام کو اقبال زیڈ احمد کا جسمانی ریمانڈ دینے سے انکار کرتے ہوئے 2 روزہ راہ داری ریمانڈ منظور کر لیا اور حکم دیا کہ دو روز میں ملزم کو متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے۔