Friday, May 3, 2024

منی لانڈرنگ کیس میں نیب لاہور نے شہباز شریف کو آج طلب کر لیا

منی لانڈرنگ کیس میں نیب لاہور نے شہباز شریف کو آج طلب کر لیا
April 17, 2020
 لاہور (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی ایک مرتبہ پھر نیب کے رڈار پر آ گئے۔ منی لانڈرنگ کیس میں نیب لاہور نے شہباز شریف کو آج طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف سے وراثت میں موصول ہونے والی جائیداد کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ شہباز شریف سے پوچھا گیا کہ 1998 سے 2018 میں فیملی کے اثاثے 23.367 ملین بڑھ کر 3.549 بلین کیسے ہوئے؟ پبلک آفس ہولڈر ہونے کی حیثیت سے ان اثاثوں میں اضافہ کیسے ہوا؟ اس کی وضاحت پیش کریں۔ بیرون ملک میں آپ کے کون کون سے بینک اکاؤنٹس ہیں؟ 2005 سے 2007 میں بارکلے بینک سے لیے گئے قرض کی تفصیلات بتائیں۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف سے یہ بھی پوچھا گیا کہ بتائیں 96 ایچ ماڈل ٹاؤن کتنے سال تک وزیر اعلیٰ کیمپ ہاؤس رہا ؟2008 سے 2019 میں زرعی آمدن کی وضاحت، فیملی کو دئیے جانے والے اور موصول ہونے والے تحائف کی تفصیلات بھی بتائیں؟ ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے نیب کے روبرو پیش ہونے یا نہ ہونے سے متعلق مشاورت شروع کر دی ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے قانونی مشیروں کو طلب کر لیا جبکہ سینئر قانونی مشیروں سے اس حوالے سے ایک ویڈیو کانفرنس بھی ہو چکی ہے۔ شہباز شریف نیب آفس میں پیش ہونے کا فیصلہ مشاورت کے بعد کریں گے۔