Wednesday, April 24, 2024

منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد

منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد
October 20, 2020

لاہور (92 نیوز) منی لانڈرنگ کیس میں شہبازشریف کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی گئی ، احتساب عدالت نے 27 اکتوبر تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ۔

منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس  میں   شہباز شریف کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر احتساب عدالت میں پیش کیاگیا ۔ نیب کی جانب سے شہباز شریف کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے بتایا گیا کہ شہباز شریف کو سوالنامہ دیا گیا جن کے جوابات میں تضاد ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ جو سوالنامہ  پہلے دیا گیا اب بھی وہی ہے، جوابات ریفرنس کا حصہ ہیں، پورے ہفتے میں مجھ سےصرف15منٹ بات کی گئی ۔ جوڈیشل ریمانڈ کا حکم ہوتے ہی ن لیگی رہنماوں اور  کارکنوں نے نعرے بازی شروع کر دی جس پرعدالت نے برہمی کااظہارکیا   جس پر شہباز شریف اور ان کے وکلاء نے عدالت سے معذرت کر لی،سماعت کے بعد شہبازشریف کوسنٹرل جیل بھیج دیاگیا۔

شہبازشریف کے وکیل امجدپرویز ایڈووکیٹ کاکہناتھاکہ شہباز شریف کی ضمانت کی درخواست ان کی ہدایت اور مشورے کے بعد فائل کریں گے۔میڈیاسے بات چیت میں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعدرفیق  نے کہا حکومت نے مفاہمت کو جیل میں بند کردیا،اپوزیشن اتحاد کے ہمیشہ نتائج نکلتے ہیں۔

احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت اکتیس اکتوبرتک ملتوی کردی گئی، عدالت میں حمزہ شہباز نے اپنی حاضری مکمل کروائی،عدالت نے حمزہ شہباز سےکوروناوائرس سے متعلق استفسارکیاتوحمزہ شہباز نے بتایا اب ٹھیک ہوں۔

احتساب عدالت میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی آمد کے پیش نظرسکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔