Saturday, May 11, 2024

منی لانڈرنگ کیس ، مریم نواز کی ضمانت کیلئے درخواست پر چیئرمین نیب کو نوٹس جاری

منی لانڈرنگ کیس ، مریم نواز کی ضمانت کیلئے درخواست پر چیئرمین نیب کو نوٹس جاری
October 1, 2019
 لاہور (92 نیوز) منی لانڈرنگ کیس میں مریم نواز کی ضمانت پر رہائی کیلئے درخواست پر لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین نیب کو نوٹس جاری کر دیا اور 14 اکتوبر تک جواب طلب کر لیا۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مریم نواز ملک کے تین بار منتخب ہونے والے وزیر اعظم کی صاحبزادی ہیں۔ نواز شریف نے ملکی ترقی کے لئے بہت اقدامات کیے۔ ملزمہ کا خاندان سیاسی تاریخ کا حامل ہے۔ درخواست گزار کے مطابق منی لانڈرنگ کا بے بنیاد کیس بنا کر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ مریم نواز کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا ایس ای سی پی نے نیب کو ریفرنس کے لئے کوئی خط نہیں لکھا۔ کمپنی کیس میں نیب مداخلت نہیں کر سکتی۔ کوٹ لکھپت جیل میں قید مریم نواز نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ نیب نے قانون کا غلط استعمال کر کے گرفتار کیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ پانامہ لیکس کیس میں تمام جائیدادیں اور اثاثے ڈیکلیئر کر رکھے ہیں۔ چودھری شوگر ملز ریفرنس اور منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت پر رہائی کی درخواست کے حتمی فیصلے تک عبوری ضمانت پر رہا کیا جائے۔