Monday, May 13, 2024

منی لانڈرنگ کیس ، مختلف شخصیات کا فرنٹ مین اقبال زیڈ احمد گرفتار

منی لانڈرنگ کیس ، مختلف شخصیات کا فرنٹ مین اقبال زیڈ احمد گرفتار
September 4, 2019
 لاہور (92 نیوز) منی لانڈرنگ کیس میں نیب نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کر لی۔ مختلف شخصیات کا فرنٹ مین اقبال زیڈ احمد کو گرفتارکر لیا گیا۔ نیب کراچی کی ٹیم نے ایڈیشنل ڈائریکٹر نعمان مشتاق کی سربراہی میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔ ذرائع کے مطابق اقبال زیڈ احمد لاہور میں اپنے دفتر پہنچے ہی تھے کہ نیب نے حراست میں لے لیا۔ اس دوران ملزم کی جانب سے مزاحمت بھی کی گئی لیکن نیب نے وارنٹ دکھائے تو اقبال زیڈ احمد نے گرفتاری دے دی۔ گرفتاری کے بعد اقبال زیڈ احمد کو نیب لاہور میں منتقل کیا گیا جہاں سے راہداری ریمانڈ کے بعد کراچی منتقل کیا جائے گا۔ ایل این جی کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل اور سابق ایم ڈی پی ایس او شیخ عمران کو نیب گرفتار کر چکی ہے۔ شاہد خاقان عباسی پر الزام ہے کہ انہوں نے بطور وزیر پٹرولیم ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ مبینہ طور پر من پسند کمپنی کو دیا۔ نیب کے مطابق من پسند کمپنی کو پندرہ برس کے لیے ٹھیکہ دینے سے قومی خزانے کو مبینہ طور پر اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔