Friday, May 10, 2024

منی لانڈرنگ کیس، شہبازشریف کی عبوری ضمانت میں 16 جولائی تک توسیع

منی لانڈرنگ کیس، شہبازشریف کی عبوری ضمانت میں 16 جولائی تک توسیع
July 7, 2020
لاہور (92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے  شہباز شریف کی منی لانڈنگ کیس میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔ صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف گرفتاری سے ایک مرتبہ پھر بچ گئے، لاہورہائیکورٹ نے اپوزیشن لیڈر کی منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت میں سولہ جولائی تک توسیع کر دی۔ جسٹس سرداد احمد نعیم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے شہباز شریف کی درخواست پر سماعت کی، عدالت نے استفسار کیا شہبازشریف کی کورونا کی رپورٹ تو منفی آ گئی ہے پھر وہ پیش کیوں نہیں ہوئے۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ طبی ماہرین مریض کو دو رپورٹس منفی آنے پرصحت یاب قرار دیتے ہیں، شہبازشریف کی صحت مکمل ٹھیک نہیں ہے، اس صورتحال میں ان کا عوام میں آنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دئیے گزشتہ سماعت پر بھی آپ نے تین ہفتے کی مہلت مانگی،آپ کی درخواستوں کی وجہ سے یہ فائل اتنی موٹی ہو گئی ہے، شہباز شریف کے وکیل کا کہنا تھا کہ مجھے بڑی تسلی ہو گی کہ میرا کلائنٹ میرے ساتھ عدالت میں کھڑا ہو اور میں دلائل دوں۔ عدالت نے شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظورکرتے ہوئے آئندہ سماعت سولہ جولائی تک ملتوی کر دی۔