Tuesday, May 21, 2024

منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز کی عدم دستیابی کے باعث کارروائی ملتوی

منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز کی عدم دستیابی کے باعث کارروائی ملتوی
November 5, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) شہباز شریف، حمزہ شہباز اور دیگر کےخلاف منی لانڈرنگ کیس میں وکیل امجد پرویز کی عدم دستیابی کے باعث کارروائی ملتوی کر دی گئی۔

احتساب عدالت میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس، رمضان شوگر ملز اور منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز احتساب عدالت پیش ہوئے۔ شہباز شریف کے وکیل کی عدم دستیابی کے باعث مقدمات پر سماعت زیادہ دیر نہ چل سکی۔

صدر ن لیگ نے عدالت سے استدعا کی کہ اگلے ہفتے قومی اسمبلی کا اجلاس ہے، لمبی تاریخ دی جائے۔ عدالت نے اپوزیشن لیڈر کی استدعا مسترد کرتے ہوئے آئندہ سماعت 12 نومبر تک ملتوی کر دی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ بولے رات کے اندھیرے میں پٹرول کی قیمتیں بڑھا کر عوام پر ظلم ڈھایا گیا۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو گھر بھیجنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا ہونا پڑے گا۔

اس موقع پر احتساب عدالت کے اندر اور باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔