Sunday, May 12, 2024

منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں کل تک توسیع

منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں کل تک توسیع
September 21, 2020
لاہور (92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں ایک دن کی توسیع کر دی،غیررسمی بات چیت میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ مولاناہربارایک نکتے پرناراض ہوجاتے ہیں،سب کو ایک نکتے پرلانا آسان نہیں ہوتا۔ عبوری ضمانت کیس میں شہبازشریف لاہور ہائیکورٹ وکلا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے دلائل دیئے کہ نیب کی جانب سے شہباز شریف کے خلاف یہ کیس سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا ہے۔ جسٹس سرداراحمد نعیم نے ریمارکس دیئے کہ کیس کے فیکٹس کی بات کریں۔ شہباز شریف کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ چیئرمین نیب کے اختیارات استعمال کرتے ہوئے ڈی جی نیب نے خلاف قانون انکوائری کی منظوری دی۔ نیب نے چھپن پبلک سیکٹرز کمپنیز کے خلاف انکوائری کا آغاز کیا۔ عدالت نے شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں ایک دن توسیع کر دی۔ مسلم لیگ ن کے کارکن زبردستی پولیس اہلکاروں کو ہٹاکر عدالت میں جانے کی کوشش کرتے رہے۔ میڈیا سے غیررسمی بات چیت میں شہبازشریف نے کہا کہ نواز شریف کی صحت کے بارے میں ڈاکٹرز ہی بتا سکتے ہیں، مولانا صاحب ہر دفعہ  کسی نکتے پر ناراض ہو جاتے ہیں، تمام جماعتوں کو ایک نکتے پر لانا آسان کام نہیں ہوتا۔ کیس کی سماعت کے بعد شہبازشریف عدالت سے واپس روانہ ہوگئے، کارکن اپنی قیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔ شہبازشریف کی پیشی کے موقع پرسکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔