Monday, May 13, 2024

منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف فیملی کیخلاف گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری

منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف فیملی کیخلاف گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری
November 12, 2020
لاہور (92 نیوز) شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا، شہباز شریف کی اہلیہ نصرت اور سلمان شہباز کو پیش  ہونے کا آخری موقع دے دیا گیا۔ شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ  کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری  فیصلہ جاری کردیا گیا، احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے تین صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ شہباز اور حمزہ سمیت 10 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی،ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کی اہلیہ نصرت اور سلمان شہباز کو پیش ہونے کا آخری موقع دیا جاتا ہے، عدالت نے آئندہ سماعت پر رابعہ عمران اور ہارون یوسف کو بھی پیش ہونے کا حکم دے دیا، ملزمان کے وکلا نے تیاری کے لیے 14 روز کے لیے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی جومنظورکرلی گئی۔ نیب نے شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کی جائیدادوں کی تفصیلات عدالت میں جمع کروا دی، رپورٹ کے مطابق نصرت شہباز کے اثاثوں کی کل مالیت 23 کروڑ سے زائد ہے۔ وہ 818 کنال اراضی اور96 ماڈل ٹاؤن سمیت تین گھروں کی مالک ان کے پاس ساڑھے سات لاکھ کی جیولری بھی ہے۔ نصرت شہباز 8 مختلف کمپنوں میں 76 ہزار900 شیئر،بینکوں میں ان کی گیارہ لاکھ سے زائدرقم موجود ہے۔