Tuesday, April 23, 2024

منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں چار جنوری تک توسیع

منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں چار جنوری تک توسیع
December 16, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں چار جنوری تک توسیع ہو گئی۔

شوگر کاروبار کے ذریعے منی لانڈرنگ کے کیس میں  اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف لاہور کی بینکنگ عدالت میں پیش ہوئے۔ حمزہ شہباز نے بھی حاضری مکمل کروائی۔

شہباز شریف روسٹرم پر پہنچے تو فاضل جج نے ریمارکس دئیے کہ چالان کے حوالے سے بات کریں۔ اپوزیشن لیڈر نے مؤقف اختیار کیا انہیں چالان ابھی تک نہیں ملا۔ عدالت نے کہا آج ہی مل جائے گا۔

فاضل جج نے ایف آئی اے کے وکیل سے استفسار کیا آپ نے چالان اس عدالت میں کیوں جمع کروایا۔ وکیل نے آگاہ کیا کہ گزشتہ سماعت پر کچھ غلط فہمی تھی اس لیے اسی عدالت میں جمع کروانے کا کہا گیا تھا۔

عدالت نے ایف آئی اے کے عدالتی دائرہ اختیار کے اعتراض پر شہباز شریف کے وکلاء کو دلائل کے لیے 24 دسمبر کو طلب کر لیا۔

میڈیا سے گفتگو میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے مہنگائی اور دیگر معاملات پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ لیگی کارکن بھی قائدین سے اظہار یکجہتی کے لیے عدالت پہنچے اور نعرے بازی کرتے رہے۔