Friday, April 19, 2024

منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 7 روزہ توسیع

منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 7 روزہ توسیع
October 27, 2020
لاہور (92 نیوز) منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں سات روز کی توسیع کردی، 2 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے نصرت شہباز کو مستقل حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ شہبازشریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے موقع پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو جیل حکام کی جانب سے احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت پولیس کی اضافی نفری پر برہم ہوگئی، ڈی جی نیب لاہور کو جیل ٹرائل کے حوالے سے نوٹس جاری کر دیا۔ فاضل جج نے ریمارکس دئیے انہیں راستے بند ہونے کی وجہ سے عدالت پہنچنے میں ڈیڑھ گھنٹہ لگا۔ شہباز شریف نے مؤقف اختیار کیا جیل میں سخت بیڈ نہیں دیا گیا کمر میں درد کی وجہ سے زمین پر نہیں سو سکتا، عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل کو طلب کرتے ہوئے ریمارکس دئیے فوری آئیں ورنہ ڈسٹرکٹ جیل راستے میں ہی پڑتی ہے۔ فاضل جج نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کو جیل میں بیڈ فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اورنج ٹرین لائن ان کا منصوبہ تھا، ٹرین سے عوام کا ٹائم اور پیسہ بچے گا،چینی کمپنی کا مشکور ہوں جنہوں نے لاہوریوں کو زبردست سروس دی۔ عدالت نے حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 7 روز کی توسیع کرتے ہوئے سماعت 2 نومبر تک ملتوی کر دی، لیگی کارکنوں کی جانب سے حسب معمول پولیس کے ساتھ خوب ہاتھا پائی کی گئی جس پر اہلکاروں نے بھی ان پر ہاتھ صاف کیے۔