Friday, April 19, 2024

منی لانڈرنگ کیس ، سابق صدر آصف زرداری کی درخواست ضمانت منظور

منی لانڈرنگ کیس ، سابق صدر آصف زرداری کی درخواست ضمانت منظور
August 31, 2018
کراچی (92 نیوز) کراچی کی بنکنگ عدالت نے اربوں روپے منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔ آصف زرداری کی ضمانت بیس لاکھ روپے کے عوض چار ستمبر تک منظور کی گئی۔ اربوں روپے منی لانڈرنگ کیس میں بنکنگ کورٹ میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیئے گئے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے چھپے چھپے کو سرچ کیا۔ کلیئرنس ملنے کے بعد سابق صدر آصف زردای ضمانت قبل ازگرفتاری کے لئے پہنچ گئے۔ سابق صدر خوشگوار موڈ میں نظرآئے۔ صحافی نے پوچھا آپ ہیلی کاپٹر میں نہیں آئے تو آصف زرداری نے جواب دیا کہ آپ رکیں میں دوبارہ ہیلی کاپٹر میں آجاتا ہوں۔ آصف زردای نے امید ظاہر کی کہ صدارتی انتخابات میں ان کی فتح ہو گئی اور اعتزاز احسن صدر منتخب ہو جائیں گے۔ ملزم کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے موکل کی ضمانت منظور کی جائے۔ عدالت نے بیس لاکھ روپے کے عوض چار ستمبر تک آصف زرداری کی درخواست  ضمانت منظور کر لی۔ فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ مقدمات کا سامنا کریں گے۔ اربوں روپے منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری کے قریبی ساتھی انور مجید اور انکا ایک بیٹا پہلے ہی گرفتار ہیں جبکہ آصف زرداری کی بہن فریال تالپور اور انور مجید کے تین بیٹے ضمانت پر رہا ہیں۔