Friday, April 26, 2024

منی لانڈرنگ کیس ، حسین لوائی اور طحہ رضا کو 11 جولائی تک جسمانی ریمانڈ مل گیا

منی لانڈرنگ کیس ، حسین لوائی اور طحہ رضا کو 11 جولائی تک جسمانی ریمانڈ مل گیا
July 7, 2018
کراچی (92 نیوز) کراچی میں مقامی عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار نجی بینک کے صدر حسین لوائی اور طحہ رضا کا 11 جولائی تک جسمانی ریمانڈ دیدیا۔ ملزم کے وکیل کے مطابق چار سال سے بند انکوائری دوبارہ شروع کی گئی۔ ایف آئی اے حکام نے جواب دیا کہ ملزمان نے سات ارب کی منی لانڈرنگ کی، چار ارب روپے ریکور کئے گئے ہیں۔ ملزم حسین لوائی نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ جنہوں نے کیا، وہ پاکستان میں نہیں، الزام مجھ پر لگا دیا گیا، عدالت میڈیکل ریلیف دے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آپ پر تشدد تو نہیں کیا گیا، ملزمان نے بتایا کہ تشدد نہیں کیا گیا۔ عدالت نے ملزمان کا میڈیکل چیک اپ کرانے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کر لی۔ ایف آئی اے نے نجی بینک کے صدر حسین لوائی کو منی لانڈرنگ کیس میں 80 ارب کی ٹرانزکشن کے معاملے میں گرفتار کیا۔ ان اکاونٹس سے رقم سندھ کی اہم سیاسی شخصیت کے قریبی دوست کے اکاونٹ میں جمع کروائے جانے کا بھی انکشاف ہوا۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق تمام اکاونٹ بیس سے چالیس ہزار تنخواہ کے حامل افراد کے نام پر کھلوائے گئے تھے، جن کے بیانات قلمبند کئے گئے ہیں۔ ان اکاونٹس میں نقد اور چیک کی صورت میں رقم نکالی اور جمع کروائی جاتی رہی ہے ان میں وہ اکاونٹس بھی شامل ہیں، جن میں پانچ کروڑ روپے سے زائد کی رقم ایک وقت میں جمع کروائی گئی۔