Tuesday, April 16, 2024

منی لانڈرنگ کیس ، ایف آئی اے کے اعلیٰ افسران پر مشتمل تحقیقاتی ٹیم تشکیل

منی لانڈرنگ کیس ، ایف آئی اے کے اعلیٰ افسران پر مشتمل تحقیقاتی ٹیم  تشکیل
July 10, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) منی لانڈرنگ کیس میں اہم پیشرفت ہو گئی۔ تفتیش کے لیے ایف آئی اے کے اعلیٰ افسران پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم  بنا دی گئی۔ ٹیم کی سربراہی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نجف قلی مرزا کریں گے۔تحقیقاتی ٹیم سابق صدر آصف علی زرداری ، فریال تالپور اور دیگر سے بھی تحقیقات کرے گی۔ ٹیم جعلی اکاؤنٹس اورمنی لانڈرنگ کےمعاملے کی تحقیقات کرے گی۔ ٹیم میں ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ زون منیرشیخ، ڈائریکٹرلاہورعثمان انور، ایڈیشنل ڈائریکٹر کمرشل بینک سرکل فیض اللہ کوریجو کو شامل کیا گیا ہے۔ کمیٹی کےسربراہ کو مزید اراکین کو بھی ٹیم شامل کرنے کا اختیارحاصل ہو گا۔ ٹیم تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کوپیش کرے گی ۔ ڈی جی ایف آئی اے نے ٹیم تشکیل دئیے جانے کا نوٹی فیکشن جاری کر دیا۔ ادھر سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کو بیان دینے کے لئے نوٹس جاری کر دیا گیا۔ ایف آئی اے اسٹیٹ بنک سرکل کی جانب سے جاری نوٹس میں دونوں بہن بھائیوں کو کل صبح  دس بجے طلب کیا گیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ منی لانڈرنگ کیس  میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ بینی فیشریز میں آپ دونوں کا نام بھی شامل ہیں۔ کل آکر اپنا بیان قلمبند کروائیں۔ نوٹس اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد علی ابڑو کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ چند دن پہلے پینتس ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا انکشاف ہوا تھا۔ جعلی اکاونٹس اور بینی فیشریز کی نام بھی سامنے آئے تھے جس پرایف آئی اے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کر رہی ہے۔ اس مقدمے میں سمٹ بنک کے سابق سربراہ حسن لوائی پہلے ہی گرفتار ہیں۔