Sunday, September 8, 2024

منی لانڈرنگ کیس ، انور مجید اور ان کے بیٹے 3 روزہ ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

منی لانڈرنگ کیس ، انور مجید اور ان کے بیٹے 3 روزہ ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے
August 25, 2018
کراچی (92 نیوز) سندھ میں 35 ارب روپے منی لانڈرنگ کیس میں مقامی عدالت نے انور مجید اور ان کے بیٹے کو 3 روزہ ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ۔ سندھ میں اربوں روپے منی لانڈرنگ کے کیس میں عبدالغنی مجید کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے کے بعد مقامی عدالت میں پیش کیا گیا ۔ اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید کو طبعیت خرابی کے باعث عدالت نہیں لایا گیا ۔ ملزم کے وکیل نے ایف آئی اے پر ملزم پر تشدد کا الزام لگا دیا اور بتایا کہ تفتیش کے نام پر ذہنی اذیت دی جارہی ہے ۔ وکیل کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے عبدالغنی مجید کو مارنا چاہتی ہے ۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد انور مجید اور عبدالغنی مجید کو 27 اگست تک ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ۔ عدالت نے عبدالغنی مجید کے طبی معائنے کا بھی حکم دیا ۔ پیپلزپارٹی کے رہنماء عبدالقیوم سومرو بھی سماعت کے دوران عدالت پہنچے ۔ سوال پوچھنے پر کہنے لگے آصف زرداری نے مانیٹرنگ کے لیے نہیں بھیجا ۔ عبدالقیوم سومرو نے کہا پیپلزپارٹی نے ہمیشہ قانون کا احترام کیا ہے ۔ ۔