Saturday, May 4, 2024

منی لانڈرنگ کیس ، آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت میں سات جنوری تک توسیع

منی لانڈرنگ کیس ، آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت میں سات جنوری تک توسیع
December 21, 2018
کراچی (92 نیوز) سندھ میگا منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور گرفتاری سے بچ گئے ۔ ان کی حفاظتی ضمانت میں سات جنوری تک توسیع کر دی گئی۔ سابق صدرکی پیشی کے موقع پر خورشید شاہ، قائم علی شاہ، نثارکھوڑو، لطیف کھوسہ، فاروق نائیک، سعید غنی سمیت دیگر پی پی رہنما بھی کراچی کی بینکنگ کورٹ میں موجود تھے۔ ادھر جیالوں نے عدالت کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کی اور نعرے بازی  بھی کرتے رہے۔ جیالے کمرہ عدالت میں کرسیوں پر چڑھ گئے۔ سیلفیاں بھی بناتے رہے۔ صورتحال پر جج کا اظہار برہمی بھی سامنے آیا۔ آصف زرداری اور فریال تالپور حاضری لگا کر واپس چلے گئے۔ کیس کی سماعت کے دوران جج نے استفسار کیا کہ ملزمان کیسے حاضری لگائیں ، کیس کی کیا پوزیشن ہے۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جےآئی ٹی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ، فیصلے کا انتظار ہے۔ آصف زرداری کی آمد سے قبل سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ بی ڈی ایس اہلکاروں نے بینکنگ کورٹ میں سراغ رساں کتوں کی مدد سے سوئپنگ کی۔ سندھ میگا منی لانڈرنگ اسکینڈ میں آصف زرداری کی پیشی کے موقع پر خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔ جے آئی ٹی رپورٹ نہیں دیکھی، کسی کو نہیں معلوم اندر کیا ہے۔ رحمان ملک نے کہا کہ حکومت انتقامی کارروائیوں سے باز رہے۔ لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ یہ سیاسی مقدمات ہیں،گرفتاری سےمتعلق خبریں پھیلائی گئیں۔ جیالے رہنماوں اور کارکنوں کا یقین ہے کہ آصف زرداری مقدمات سے بری ہونگے۔