Thursday, April 25, 2024

منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے امیر ممالک تعاون کریں، عمرا ن خان

منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے امیر ممالک تعاون کریں، عمرا ن خان
September 27, 2019
نیویارک (92نیوز) وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کہا کہ عالمی رہنمائوں کے فورم میں پاکستان کی نمائندگی اعزاز کی بات ہے، اس فورم پر اپنے ملک کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے، منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے امیرملک غریب ممالک کی مدد کریں۔ دنیا کو غریب ممالک کے کرپٹ حکمرانوں کو لوٹے گئے پیسے بیرون ملک لے جانے سے روکنا ہو گا۔ کرپٹ حکمرانوں کی لوٹی رقم بیرون ممالک بینکوں میں رکھنے سے روکا جائے۔ وزیراعظم نے خطاب میں کہا کہ سمجھتا ہوں چند مسائل کا فوری حل ضروری ہے ،میں آج چار امور پر بات کروں گا۔انہوں نے کہا کہ ہر سال اربوں ڈالر غریب ملکوں سے امیر ملکوں کو منتقل ہوجاتے ہیں، امیر افراد غیرقانونی طریقے سے اربوں ڈالر یورپ منتقل کردیتے ہیں،غریب ملکوں کو اشرافیہ لوٹ رہی ہے،نام نہاد اور جعلی کمپنیوں کے ذریعے رقم منتقل ہورہی ہے ،آف شور کمپنیوں کے ذریعے غریب ممالک کے اثاثے امیر ممالک کو چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کا قرضہ 10 برس میں 400 گنا بڑھ گیا، ہم نے مغربی ممالک میں کرپشن سے بنائی گئی جائیدادوں کا پتہ چلایا، امیر ممالک کو چاہیے کہ وہ غیرقانونی طریقے سے آنےوالی رقم کے ذرائع روکیں، امیر امیر تر اور غریب غریب ہوتا جا رہا ہے۔ عمران خان نے اس مو قع پرعالمی موسمیاتی تبدیلیوں پر خطاب میں کہا موسمیاتی تبدیلیوں کو دنیا کے کئی ممالک میں سنجیدہ نہیں لیا جاتا، پاکستان دنیا کے ان 10 ممالک میں شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہوئے، پاکستان بنیادی طورپر زرعی ملک ہے، پاکستان کے دریائوں کا 80 فیصد پانی گلیشئرز سے آتا ہے، ماحولیاتی تبدیلی کے باعث گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، یہ سلسلہ جاری رہا تو بڑی آفت کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، کوئی ملک اکیلا کچھ نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے خیبرپختونخوا میں 5 ارب درخت لگائے، ملک میں 10 ارب درخت لگائیں گے، ماحولیات کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے عالمی لیڈرز سنجیدگی نہیں دکھا رہے۔ ماحولیاتی تبدیلیوں کو سنجیدگی سے نہ لیا گیا تو تباہی ہوگی۔