Saturday, April 27, 2024

شہباز فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس، وعدہ معاف گواہوں کے بیانا ت کی نقول ملزمان کے حوالے

شہباز فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس، وعدہ معاف گواہوں کے بیانا ت کی نقول ملزمان کے حوالے
November 2, 2020

لاہور(92 نیوز) شہباز  شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی  جس میں  وعدہ معاف گواہوں کے بیانات کی نقول شہباز شریف،حمزہ شہباز اور دیگر ملزمان کے حوالے کر دی گئیں۔ فرد جرم عائد کرنے کے لئے شہباز شریف کے وکیل کی استدعا پر عدالت نے آئندہ سماعت 11 نومبر تک ملتوی کردی، نیب نے منی لانڈرنگ ریفرنس کا جیل ٹرائل کرنے سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرادی،ادھر عدالت نے نصرت شہباز کی حاضری معافی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کو اشتہاری قرار دینے کے لئے کارروائی کا حکم دے دیا۔

لاہور کی احتساب عدالت میں شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی  ، شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو الگ الگ بکتر بند گاڑی میں عدالت پیش کیا گیا،صحافی کی جانب سے بکتر بند گاڑی میں لانےکے سوال پر شہباز شریف نے غیر رسمی گفتگو میں کہا یہ ظلم کی انتہا ہے۔

شہبازشریف نے عدالت کے روبرو مؤقف اختیار کیا انہیں ہارڈ بیڈ مہیا کر دیا گیا ہےلیکن فزیو تھراپسٹ آج تک نہیں آیا،بکتر بند گاڑی کے حوالے سے کوئی مسئلہ نہیں لیکن کمر میں درد ہے آج گاڑی میں لیٹ کر آیا ہوں ہلکا جھٹکا بھی بڑا محسوس ہوتا ہے۔

دوسری جانب ‏حمزہ شہباز کی عدالت میں پیشی سے انکار کی رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی گئی،رپورٹ کے مطابق جیل انتظامیہ نے صبح 8 بجکر 25 منٹ پر حمزہ کو بیرک سے نکال کر پولیس کے حوالے کیا تو انہوں عدالت جانےسے انکار کر دیا،بعد میں حمزہ شہباز پیشی کیلئے روانہ ہو گئے،‏عدالت نے آئی جی پنجاب، سیکرٹری داخلہ اور دیگر کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کر دئیے۔

دوران سماعت عدالت میں وعدہ معاف گواہوں کے بیانات کی نقول شہباز شریف،حمزہ شہباز اور دیگر ملزمان کے حوالے کی گئیں۔

عدالت نےملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کے لئے آئندہ سماعت 11 نومبر تک ملتوی کر دی۔