Thursday, March 28, 2024

منی لانڈرنگ ریفرنس، سلمان شہباز اور ان کے بہنوئی ہارون یوسف کے وارنٹ گرفتاری جاری

منی لانڈرنگ ریفرنس، سلمان شہباز اور ان کے بہنوئی ہارون یوسف کے وارنٹ گرفتاری جاری
August 28, 2020
لاہور ( 92 نیوز) احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے بیٹے سلمان شہباز اور داماد ہارون یوسف کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے، عدالت نے ان کی اہلیہ اور بیٹیوں کو بھی آئندہ سماعت پر طلب کر لیا ،شہباز شریف کہتے ہیں نیب والے الٹے ہوگئے لیکن ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہ کرسکے۔ شہباز شریف اور اہل خانہ کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس پر سماعت ہوئی ، منی لانڈرنگ کیس میں عدالت نے سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیئے،ڈی جی  نیب لاہور کوسلمان شہباز کوگرفتارکرکے پیش کرنے کاحکم دے دیاگیا۔ عدالت نے شہباز شریف کے داماد  ہارون یوسف عزیز  کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیئے،عدالت نےنصرت شہباز، رابعہ شہباز اور جویریہ  شہباز کو سمن جاری کر دیئے۔ شہبازشریف نے مؤقف اختیارکیا کہ نیب حکام  ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے ، جسٹس جواد الحسن نے ریمارکس دیئے کہ آپ کے ساتھ مکمل انصاف ہو گا، آپ بے گناہ  ہوئے تو بری ہو جائیں گے۔ شہباز شریف کاکہناتھا کہ خدا کی قسم کھا کر کہتا ہوں قوم کے اربوں کھربوں بچائے،یقین ہے کہ اللہ کی عدالت اور آپ کی عدالت انصاف کرے گی۔ احتساب عدالت نے شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت دس ستمبر تک ملتوی کردی،عدالت آمدپرغیررسمی بات چیت میں شہبازشریف نے کہا کہ نواز شریف  کوحکومت نے بھیجا اور حکومت ہی ان کی صحت پر سیاست کررہی ہے، اے پی سی میں تمام سیاسی جماعتوں مل کر کریں گے۔ شہباز شریف فیملی اثاثہ جات منجمد کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کردی گئی ۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف رمضان شوگر ملز اسکینڈل کیس کی  سماعت 10ستمبرتک ملتوی کردی گئی ۔ حمزہ شہباز کوجیل حکام نے عدالت میں پیش کیا ، شہبازشریف اورحمزہ شہباز کی عدالت پیشی  کے موقع پرسکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، عدالت کے باہر مسلم لیگ ن کے کارکن نعرے لگاتے رہے ، کارکن عدالت میں داخلے کے لئے پولیس اہلکاروں سے جھگڑتے بھی رہے۔