Friday, April 26, 2024

منی لانڈرنگ اور اثاثہ جات کیس، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

منی لانڈرنگ اور اثاثہ جات کیس، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع
October 13, 2020
لاہور (92 نیوز) احتساب عدالت میں شہبازشریف فیملی کے خلاف مبینہ منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں 20 اکتوبر جبکہ حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 27 اکتوبر تک توسیع کردی۔ شہبازشریف فیملی کے خلاف مبینہ منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت!، لاہور کی احتساب عدالت نے شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں ایک ہفتے کی توسیع کر دی۔ شہباز شریف نے عدالت کے روبرو مؤقف اختیار کیا گزشتہ سماعت پر آپ کے نوٹس سے کھانے کا مسئلہ حل ہو گیا ہے، لیکن جب نماز پڑھتا ہوں تو مجھے کرسی نہیں دی جاتی یہ عمران خان اور شہزاد اکبر کی ہدایت پر مجھے تکلیف پہنچا رہے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دئیے آپ اس حوالے سے مکمل درخواست لکھ کر دے دیں پھر اس معاملے کو دیکھیں گے۔ نیب کے تفتیشی افسر نےعدالت کو آگاہ کیا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے لئے خاص میڈیکیٹڈ بیڈ موجود ہے۔ شہبازشریف نے بتایا یہ غلط بیانی کر رہے ہیں وہ بیڈ میں نے خود منگوایا ہے۔ عدالت نے استفسار کیا نصرت شہباز عدالت میں پیش کیوں پیش نہیں ہوئیں؟ِ وکیل نے آگاہ کیا وہ بیمار ہیں اور بیرون ملک علاج جاری ہے۔ عدالت نے حمزہ شہباز اور ان کے اہل خانہ کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس پر سماعت 27 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ پولیس حکام کی جانب سے جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئےجبکہ واٹر کینن بھی پہنچائی گئی۔