Friday, April 26, 2024

منی لانڈرنگ اسکینڈل ، آصف زرداری نے ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے ذاتی مچلکے جمع کرا دیئے

منی لانڈرنگ اسکینڈل ، آصف زرداری نے ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے ذاتی مچلکے جمع کرا دیئے
September 1, 2018
کراچی (92 نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری نے منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے ذاتی مچلکے جمع کرا دیئے۔ 20 لاکھ روپے کے مچلکوں پر سابق صدر کے ضامن عاشق حسین اور آصف علی ذرداری نے خود دستخط کئے ۔ بینکنگ کورٹ آمد پر صحافیوں نے ہیلی کاپٹر کا تذکرہ کر دیا ۔ سوال کیا کہ آج پھر گاڑی میں آئے، ہیلی کاپٹر میں نہیں آئے ؟ آصف زرداری کا کہنا تھا ہیلی کپٹر کی بات چل رہی ہے۔ صحافیوں نے صدارتی انتخاب میں اعتزاز احسن کو دستبردار کروانے کا سوال داغ دیا جس کے جواب میں سابق صدر نے مولانا فضل الرحمان سے امیدیں لگا لیں۔ قبل ازیں کراچی کی بنکنگ عدالت نے اربوں روپے منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔ آصف زرداری کی ضمانت بیس لاکھ روپے کے عوض چار ستمبر تک منظور کی گئی۔ اربوں روپے منی لانڈرنگ کیس میں بنکنگ کورٹ میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیئے گئے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے چھپے چھپے کو سرچ کیا۔ کلیئرنس ملنے کے بعد سابق صدر آصف زردای ضمانت قبل ازگرفتاری کے لئے پہنچ گئے۔ سابق صدر خوشگوار موڈ میں نظرآئے۔ صحافی نے پوچھا آپ ہیلی کاپٹر میں نہیں آئے تو آصف زرداری نے جواب دیا کہ آپ رکیں میں دوبارہ ہیلی کاپٹر میں آجاتا ہوں۔ آصف زردای نے امید ظاہر کی کہ صدارتی انتخابات میں ان کی فتح ہو گئی اور اعتزاز احسن صدر منتخب ہو جائیں گے۔ اربوں روپے منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری کے قریبی ساتھی انور مجید اور انکا ایک بیٹا پہلے ہی گرفتار ہیں جبکہ آصف زرداری کی بہن فریال تالپور اور انور مجید کے تین بیٹے ضمانت پر رہا ہیں۔