Sunday, May 19, 2024

منی بجٹ منظور ہوا تو نیا سال قوم کیلئے مہنگائی کا بدترین سال بن جائیگا، شہباز شریف

منی بجٹ منظور ہوا تو نیا سال قوم کیلئے مہنگائی کا بدترین سال بن جائیگا، شہباز شریف
December 28, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ منی بجٹ منظور ہوا تو نیا سال قوم کے لئے مہنگائی کا بدترین سال بن جائے گا۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کے لئے پارلیمنٹ کو ربڑسٹیمپ بنانا چاہتی ہے، بہتر ہوگا حکومت ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے قوم کی جان چھوڑ دے۔ یہ منی بجٹ ”ہم تو ڈوبے ہیں صنم تم کو بھی لے ڈوبیں گے“ کی عملی تفسیر ہے۔

اُنہوں نے کہا پٹرولیم مصنوعات اور ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ظلم ہے، پارلیمنٹ عوام کے مفادات کے لئے کھڑی نہ ہوئی تو اسے عوامی نمائندہ ادارہ نہیں سمجھا جائے گا۔

اپوزیشن رہنماء نے کہا عوام کی اکثریت موجودہ ٹیم سے مکمل بیزار اور مایوس ہو چکی ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 39 روپے سے زائد اضافہ ظلم ہے۔ 3 برس میں دواﺅں کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔