Wednesday, April 24, 2024

منہاج قاضی دہشت گردوں کو پناہ دینے کے مقدمے میں گرفتار

منہاج قاضی دہشت گردوں کو پناہ دینے کے مقدمے میں گرفتار
May 25, 2016

کراچی (92 نیوز) – پولیس نے نائن زیرو پر دہشت گردوں کو پناہ  دینے کے مقدمے میں مفرور ملزم کی گرفتاری سے متعلق انسداد دہشت گردی کی عدالت کو آگاہ کر دیا۔ اے ٹی سی نے متحدہ کے مرکز کے سابق سیکورٹی انچارج منہاج قاضی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے ۔

گلبرگ پولیس نے نائن زیرو کے سابق سیکورٹی انچارج منہاج قاضی کی گرفتاری سے متعلق پیش رفت رپورٹ سے انسداد دہشت گردی کی عدالت کو آگاہ کر دیا۔

پولیس نے رپورٹ میں عدالت کو بتایا کہ ملزم منہاج قاضی کو عزیز آباد تھانے میں دہشت گردوں کو پناہ دینے کے مقدمے میں گرفتار کر لیا ہے۔

ستائیس مئی کو سماعت کے لیے ملزم کو اے ٹی سی میں پیش کیا جائے گا۔ عدالت میں رپورٹ گلبرگ انویسٹی گیشن پولیس کی تفتیشی افسر نے جمع کروائی۔

نائن زیرو پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کے مقدمے میں ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان ضمانت پر جبکہ اے ٹی سی نے ملزم منہاج قاضی ،شہزاد ملا ، نعیم   سمیت پانچ ملزموں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔

منہاج قاضی کو سابق ایم ڈی کے ای ایس سی شاہد حامد قتل، دہشت گردی سمیت  کرپشن کیسسز کا سامنا ہے۔