Thursday, April 25, 2024

منڈی بہاؤالدین کی 22 سالہ ماریہ جعلی پیر کے ہاتھوں تیزاب گردی کا شکار

منڈی بہاؤالدین کی 22 سالہ ماریہ جعلی پیر کے ہاتھوں  تیزاب گردی کا شکار
May 22, 2019
منڈی بہاؤالدین ( 92 نیوز )  منڈی بہاؤالدین میں ایک اور بنت حوا تیزاب گردی کا شکار  ہو گئی ، دوسال ہوگئے انصاف نہ ملا ۔ بائیس سالہ ماریہ جعلی پیر کے ہاتھوں تیزاب گردی کا نشانہ بنی ، پولیس نے کوئی ایکشن نہ لیا، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی تو ترجمان وزیراعلیٰ شہبازگل دادرسی کیلئے پہنچ گئے  اور مکمل انصاف دینے کی یقین دہانی کرادی ۔ جعلی پیر نے ظلم وبربریت کی انتہا کردی ،لڑکی پر تیزاب پھینکا، پھر پولیس کے ذریعے ڈرا دھمکا کر سادہ کاغذات پر دستخط کرالیے۔ واقعہ  دوسال قبل ڈنگہ کے علاقے بھیسلرانوالہ میں پیش آیا، جعلی پیرعزیزشاہ کی طرف سے تیزاب پھینکے جانے سے بائیس سالہ ماریہ کا چہرہ اور جسم بری طرح جھلس گیا۔ تھانہ میانی پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بجائے بااثر پیر کا ساتھ دیتے ہوئے ورثا کو خاموش کرادیا، لڑکی کے بھائی عبدالرحمان کا کہناہے  کہ  پولیس نے  کئی کاغذات پر دستخط کرائے۔ ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب نے  متاثرہ لڑکی اور والدین کو یقین دہانی کرائی کہ انصاف  فراہم کیا جائے گا، علاج معالجہ سمیت تمام اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرے گی۔ شہباز گل نے پولیس کو پیر کی گرفتاری کا حکم دے دیا ، ذرائع کے مطابق پولیس نے جعلی پیر کو گرفتار بھی کر لیا ہے ۔