Thursday, April 25, 2024

منڈی بہاؤالدین میں آج ہر صورت جلسہ کروں گی ، مریم نواز

منڈی بہاؤالدین میں آج ہر صورت جلسہ کروں گی ، مریم نواز
July 7, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز منڈی بہاؤالدین میں جلسے کی اجازت نا ملنے کے باوجود بضد ہیں ۔انہوں نے کہا منڈی بہاؤالدین میں آج ہر صورت جلسہ کروں گی۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے منڈی بہاؤالدین میں جلسے کا نیا تنازع پیدا کردیا۔ ضلعی انتظامیہ نے سکیورٹی خدشات کے باعث قائداعظم گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے متبادل جگہ فراہم کرنے کی آفر کی جبکہ مریم نواز اسی گراؤنڈ میں جلسہ کرنے پر بضد ہیں۔ ڈی پی او ناصر سیال کا کہنا ہے سکیورٹی خدشات کی وجہ سے قائداعظم گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت دینے سے انکار کیا۔ گراؤنڈ میں بارش کا پانی بھی جمع ہے۔ مسلم لیگ ن شہر سے باہر کوئی جگہ منتخب کرے جس پر جلسے کی اجازت دے دی جائےگی۔ مسلم لیگ ن کے مقامی رہنما اور مرکزی قیادت اسی گراؤنڈ میں جلسے پر بضد ہے۔ گزشتہ روز اپنے ٹویٹ میں مریم نواز نے کہا کہ منڈی بہاؤالدین ضرور جاؤں گی۔ پارٹی کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بھی اپنی ٹویٹ میں کہا کہ جلسہ تو ضرور ہو گا۔ سہ پہر تین بجے رائیونڈ سے منڈی بہاؤالدین کے لئے نکلیں گے۔ جلسے کی اجازت نہ ملنے کے باوجود مسلم لیگ کے کارکنوں نے قائد اعظم گراؤنڈ میں کرسیاں لگانے کی کوشش کی تو پولیس نے چھاپہ مار کر متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔ جلسے کے لئے منگوایا گیا  سامان واپس اٹھوا دیا گیا جبکہ گراؤنڈ کے مین دروازوں کو  تالے لگا کر سیل کر دیا ہے۔ قائد اعظم گراؤنڈ کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ پولیس نے رات بھر مختلف علاقوں سے متعدد لیگی کارکنوں کو بھی حراست میں لے لیا۔