Thursday, April 18, 2024

منڈی بہاﺅالدین: 3بھائیوں کے قتل کا ڈراپ سین !!! باپ نے بیٹوں کے قتل کا اعتراف کر لیا

منڈی بہاﺅالدین: 3بھائیوں کے قتل کا ڈراپ سین !!! باپ نے بیٹوں کے قتل کا اعتراف کر لیا
June 18, 2015
منڈی بہاﺅالدین (92نیوز) منڈی بہاوالدین کے علاقہ بوسال مصور میں تین بھائیوں کے قتل کا ڈراپ سین ہو گیا۔ سگے باپ نے ہی اپنے تینوں بیٹوں کو قتل کیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز موضع بوسال مصور میں تین بھائیوں کامران اقبال ، نوازش علی اورشناور اقبال کو ان کے گھر میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا جس پر پہلے مقتولین کے والد محمد اقبال نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ اس کے بیٹوں کو اس کے بھائی محمد ارشد نے قتل کروایا ہے۔ ڈی پی او منڈی بہاوالدین راجہ بشارت محمود نے میڈیا کو بتایا کہ ڈی ایس پی ملکوال رانا محمد اسلام اور ایس ایچ او تھانہ گوجرہ صفدر حسین نے شک کی بنا پر محمد اقبال سے تفتیش کی تو ملزم اقبال نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے ہی اپنے تینوں بیٹوں کو قتل کیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم اقبال کے بھائی ارشد نے چند سال قبل اس کی بیوی رحمت بی بی (مقتولین کی والدہ) کو بدچلنی کے شبہ پر قتل کیا تھا جبکہ وہ (اقبال) بیرون ملک تھا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ارشد بھابھی کے قتل کیس میں جیل چلا گیا جبکہ اس کے دوسرے بھائی جاوید کو کیس کی پیروی کرنے پر مقتول بھتیجوں نے قتل کر دیا تھا تاہم 2010ءمیں چچا اور بھتیجوں میں صلح ہو گئی جس کے بعد ارشد جیل سے رہا ہو گیا۔ ملزم باپ نے کہا کہ اس کے بیٹے اب اسے قتل کرنا چاہتے تھے جس پر میں نے انہیں قتل کردیا ہے۔ ملزم اقبال کے تین ہی بیٹے تھے جن کی عمریں 18سے 24سال تھیں جبکہ ایک 13سالہ بیٹی سوگوار ہے۔