Monday, May 13, 2024

منفرد وائلڈ لائف میوزیم کراچی میں  دوبارہ تیار

منفرد وائلڈ لائف میوزیم کراچی میں  دوبارہ تیار
September 5, 2019
کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں اپنی نوعیت کا منفرد وائلڈ لائف میوزیم  دوبارہ تیار کر لیا گیا جہاں   ہرن  اور  معدوم ہوتی نسل والے پرندے ، سانپ اور دیگر رینگنے والے کیڑے  رکھے گئے ہیں ۔ ہرن، تیتر، پہاڑی طوطے اور شیر ہی نہیں نایاب بلی، چھپکلی، سانپ اور خوبصورت پرندے بھی اس منفرد  وائلڈ لائف میوزیم میں موجود ہیں ۔ محکمہ تحفظ جنگلی حیات سندھ نے چرند، پرند اور حشرات الارض کو ایک جگہ جمع کردیا۔ میوزیم میں سندھ میں پائے جانے والے 320  اقسام اور نسلوں کے پرندوں، 135 ریپٹائلز و دیگر بیاسی جنگلی حیات کے نمونے اور تصاویر رکھی گئی ہیں۔ تاریخی فری میسن عمارت میں بننے والے وائلڈ لائف میوزیم میں ان پرندوں کو بھی شامل کیا گیا ہے، جن کی نسل مکمل معدوم ہوچکی ہے، جن میں سے کچھ انیس ویں صدی تک سندھ میں ہجرت کرکے آتے تھے۔ سندھ کا ریگستان ہو، ساحلی پٹی ہو، میدانی یا پہاڑی علاقے نایاب نسل کے جانوروں، پرندوں کا مسکن ہیں، جنگلی حیات کا سائنسی نام جاننا ہو، مقامی نسل اور آبادی سے متعلق معلومات درکار ہو، میوزیم میں سب کچھ موجود ہے، گرم و سرد موسم کے مہمان پرندوں اور جنگلی جانوروں کو بھی دیکھا جاسکے گا۔ سندھ میں اپنی نوعیت کا منفرد وائلڈ لائف میوزیم اٹھائیس سال بعد دوبارہ عوام کیلئے کھولا جارہا ہے، جو صرف تفریحی مقاصد کیلئے نہیں تعلیم و تحقیق کی ضروریات بھی پوری کرے گا۔