Sunday, September 8, 2024

منظور کاکا کی تنخواہ ایک لاکھ، کینیڈا میں اثاثے 5ارب !!! بیرون ملک جائیداد بنانیوالے سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کی تفصیلات طلب

منظور کاکا کی تنخواہ ایک لاکھ، کینیڈا میں اثاثے 5ارب !!! بیرون ملک جائیداد بنانیوالے سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کی تفصیلات طلب
August 8, 2015
کراچی (92نیوز) وفاقی حکومت نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے سابق افسر منظور کاکا کے کینیڈا میں اثاثے سامنے آنے کے بعد متعدد ممالک کو بیرون ملک جائیداد رکھنے والے سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کی تفصیلات فراہم کرنے کےلئے خط لکھ دیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے سابق سربراہ منظور کا کا کے کینیڈا میں پانچ ارب کے اثاثے سامنے آنے کے بعد امریکہ ، کینیڈا ، برطانیہ ، خلیجی و یورپی ممالک کو بھی خطوط لکھے ہیں کہ وہ وہاں جائیداد اور غیر معمولی اثاثے رکھنے والے سیاست دانوں اور بیورو کریٹس کی تفصیل فراہم کریں جبکہ کینیڈا نے منی لانڈرنگ کے الزام میں منظور کاکا کے خلاف تحقیقات کا بھی آغاز کر دیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ہی ایک افسر نے کینیڈین حکومت کو منظور کاکا کی پے سلپس بھجوائی تھیں جس میں بتایا گیا تھا کہ ان کی تنخواہ اور مراعات وغیرہ ایک سے سوالاکھ روپے بنتی ہیں تو انہوں نے پانچ ارب کے اثاثے وہاں کیسے بنا لئے۔ کینیڈا نے حکومت پاکستان سے پوچھا ہے کہ وہ بتائے کہ منظور کاکا کی یہ رقم وائٹ منی ہے یا بلیک منی تاکہ ان کے خلاف تحقیقات کو آگے بڑھایا جا سکے۔ اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے جو نیا سرکلر جاری کیا گیا ہے اس میں اعلیٰ بیورو کریٹس کو اپنے، اپنی بیوی اور بچوں کے بیرون ملک اثاثے بھی بتانا ہونگے۔