Thursday, April 25, 2024

منظم جرائم ،کرپشن ، منی لانڈرنگ کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ، وزیر اعظم

منظم جرائم ،کرپشن ، منی لانڈرنگ کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ، وزیر اعظم
December 2, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا منظم جرائم ،کرپشن ، منی لانڈرنگ کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیر اعظم عمران خان سے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر اور نئے ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیا کی ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تاریخ کے اہم دوراہے پر کھڑا ہے ۔ ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے جہاں سیاسی لیڈرشپ نے وژن دینا ہے وہیں بیوروکریسی نے اس وژن کو عملی جامہ پہنانا ہے ۔ انہوں نے سیکریٹریز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں جہاد اور قومی فریضہ سمجھ کر ادا کریں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گذشتہ 15 ماہ میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے معیشت کے ہر شعبے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس کے لئے ضروری ہے بیوروکریسی طرز حکومت اور عوام کی فلاح و بہبود کے ضمن میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے ۔ وزیراعظم عمران خان سے نئے ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاء نے بھی ملاقات کی ۔ وزیراعظم نے واجد ضیاء کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کرپشن، سائبر کرائم، معاشی جرائم اور امیگریشن جیسے منظم جرائم سے نمٹنا حکومت کا ایجنڈا ہے ۔ اس موقع پر ڈی جی ایف آئی اے نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ وہ وطن کے لئے اپنے فرائض پوری دیانتداری سے انجام دیں گے۔