Friday, May 17, 2024

منشیات کیس، چیک ریپبلک کی ماڈل ٹریزا کی لاہور ہائیکورٹ سے بریت کا فیصلہ جاری

منشیات کیس، چیک ریپبلک کی ماڈل ٹریزا کی لاہور ہائیکورٹ سے بریت کا فیصلہ جاری
November 19, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) منشیات کیس میں 8 سال کی سزا پانے والی چیک ریپبلک کی ماڈل ٹریزا کی لاہور ہائیکورٹ نے بریت کا فیصلہ جاری کردیا۔

فیصلہ جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس علی باقر نجفی نے جاری کیا، فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ ٹریزا کی جس خاتون کانسٹیبل نے ایئرپورٹ پر تلاشی لی اسے گواہ ہی نہیں بنایا گیا۔

تلاشی لینے والی کانسٹیبل کو گواہ نہ بنا کر استغاثہ نے سب سے اہم گواہی روکی، اس پر کوئی تفتیش نہیں کی گئی کہ ایئر پورٹ سے کسٹم ہاؤس مبینہ منشیات کب اور کیسے پہنچی۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ایئر پورٹ سے سی سی ٹی وی فوٹیج نہیں لی گئی۔ایسے واقعات میں سی سی ٹی وی ضروری ہوتی ہے جس سے جھوٹے کیس کا امکان ختم ہو جاتا ہے۔ مدعی کا یہ بیان ہونا چاہئے تھا کہ اس نے کیس پراپرٹی کسٹم ہاؤس جمع کرائی۔ استغاثہ کے کیس میں ایسے نقائص کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

عدالت نے قراردیا کہ استغاثہ ٹریزا کے خلاف کیس کو ثابت کرنے میں ناکام رہی اس لیے اسے بری کیا جاتا ہے۔