Thursday, April 25, 2024

منشیات کیس ، رانا ثناء اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں سات ستمبر تک توسیع

منشیات کیس ، رانا ثناء اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں سات ستمبر تک توسیع
August 28, 2019
 لاہور (92 نیوز) منشیات کیس میں گرفتار رانا ثناء اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں سات ستمبر تک توسیع کر دی گئی۔ مسلم لیگ ن کے رہنما رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ کو جیل حکام نے لاہور کی انسداد منشیات عدالت میں پیش کیا۔ فاضل جج مسعود ارشد نے دوران سماعت کیس پر مزید سماعت کے لئے معذرت کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا تبادلہ ہو گیا ہے۔ یہ سننا تھا کہ رانا ثنا اللہ کے وکلا نے فاضل جج سے تند و تیز جملوں کا تبادلہ شروع کر دیا۔ انہوں نے کہا یہ انصاف کے قتل کے مترادف ہے، ہمارا کیس مضبوط ہے اس لیے آپ کا ٹرانسفر کر دیا گیا۔ جج مسعود ارشد نے بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے انہیں واٹس ایپ پر تبادلے کا نوٹیفکیشن موصول ہوا ہے۔ ایڈووکیٹ زاہد بخاری نے کہاجب تک نوٹیفکیشن باقاعدہ موصول نہ ہو اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہوتی۔  فاضل جج کیس کی آئندہ سماعت سات ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے واپس اپنے چیمبر میں چلے گئے۔ رانا ثناء اللہ کے وکلا کا میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہنا تھا کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کا امتحان ہے کہ یہ جج کام کریں گے یا نہیں۔ پیشی کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت اپوزیشن کے خلاف اپنی مرضی کے فیصلے چاہتی ہے۔ جج کو دوران کام سماعت سے روکنے سے حکومت کا سیاہ چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔ رانا ثناء اللہ کی انسداد منشیات عدالت میں پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ اینٹی رائٹ فورس کے دستے اور پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی۔