Sunday, May 12, 2024

منشیات کیس، بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان کی ضمانت منظور

منشیات کیس، بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان کی ضمانت منظور
October 28, 2021 ویب ڈیسک

نئی دہلی (92 نیوز) منشیات کیس میں بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے گرفتار بیٹے کو ریلیف مل گیا۔ 

بالی وڈ کے کنگ خان کیلئے بڑا ریلیف، منشیات کیس میں گرفتاری کے 3 ہفتے بعد شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ضمانت منظور کرلی گئی۔ ممبئی ہائی کورٹ نے 3 دن کی سماعت کے بعد مختصر فیصلے میں ضمانت منظور کی۔

آریان خان کے 2 دوستوں ارباز مرچنٹ اور مُنمن دمیچا کی درخواست ضمانت بھی منظور ہو گئی۔ عدالت اپنا تفصیلی حکم جمعہ کو سنائے گی، تینوں ملزمان ہفتے کے روز جیل سے رہا ہوں گے۔

23 سالہ آریان خان کی درخواست ضمانت خصوصی عدالت کی جانب سے چوتھی بار 20 اکتوبر کو مسترد کی گئی تھی۔ ان کے وکلا نے ممبئی ہائی کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔

شاہ رخ کے بیٹے کو 2 اکتوبر کو انسداد منشیات فورس این سی بی نے کروز شپ سے منشیات استعمال کرنے کے کیس میں گرفتار کیا۔ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں متعدد اقسام کی منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔