Thursday, March 28, 2024

منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے ، عارف علوی

منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے ، عارف علوی
June 26, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے منشیات کے استعمال اور اسکی غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔

صدر عارف علوی کا منشیات کے استعمال اور اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہنا تھا منشیات کا عالمی دن ہر سال 26 جون کو عالمی رہنماؤں ، بین الاقو امی برادری ، عالمی اتحاد اور انجمنوں سمیت سب کیلئے ایک یاد دہانی کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ یہ دن اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم مشترکہ کاوشوں سے منشیات کی غیر قانونی تجارت روکنے کیلئے اپنی اجتماعی ذمہ داری ادا کریں۔

صدر مملکت نے کہا آج کے دن ہم منشیات کی اسمگلنگ کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں کیونکہ ان سے عوام کی صحت کو سخت خطرات لاحق ہیں۔ منشیات کے استعمال اور اسکی غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات حکومتِ پاکستان کی اولین ترجیح ہیں۔

 انہوں نے مزید کہا ہم منشیات کی ضبطی کے لحاظ سے دنیا کے تین سرفہرست ممالک میں شامل ہیں۔ پاکستان سرحدوں کی نگرانی کے مؤثر نظام کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ روکنے والے صف اول کے ممالک میں شامل ہے۔