Wednesday, April 24, 2024

منشیات سمگلنگ کیس ، ماڈل ٹریزا کو 8سال ، 8ماہ قید کی سزا

منشیات سمگلنگ کیس ، ماڈل ٹریزا کو 8سال ، 8ماہ قید کی سزا
March 20, 2019

لاہور ( 92 نیوز) سیشن کورٹ لاہورنے غیر ملکی ماڈل ٹریزا کو منشیات سمگلنگ کیس  میں 8 سال 8 ماہ کی سزا سنادی ۔

 عدالت کی جانب سے ساتھی ملزم شعیب کو شک کی بنیاد رہا کردیاگیا  ،کیس کا فیصلہ آتے ہی ماڈل سکتہ میں آگئیں۔

پاکستان میں منشیات سمگلنگ کیس میں گرفتارٖ چیک ریپبلک کی ماڈل ٹریزا آخر کار اپنی بے گناہی ثابت نہ کرسکیں ۔

سیشن کورٹ لاہور نے ماڈل کو 8 سال اور 8 ماہ کی قید سنا دی جبکہ 1 لاکھ 13 ہزار جرمانہ بھی ادا کرنے کا حکم دے دیا  ۔

اپنے خلاف فیصلہ سنتے ہی ماڈل اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں۔

جنوری 2018 میں لاہور ائیرپورٹ سے بیرون ملک ساڑھے 8 کلو ہیروئن سمگل کرنے کی کوشش میں گرفتار ماڈل ٹریزا جب جب پیشی پر آئیں ایک الگ روپ میں نظر آئیں ۔

کبھی گوری رنگت پر کالاچشمہ اورکبھی مہندی سے مزئین گوری کلایاں ،تو کبھی مشرقی لباس زیب تن کرکے دیکھنے والوں سے خوب داد بھی وصول کی۔

آج صبح بھی ماڈل جب  عدالت میں آئیں تو کافی پرجوش دکھائی دیں،چہرے پر مسکراہٹ تو تھی لیکن قسمت کی ستم ظریفی کہ مسکراہٹ زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی ۔

ایڈیشنل سیشن جج شہزاد رضا نے کیس کا فیصلہ سنایا تو ماڈل گرل نے کمرہ عدالت میں ہی رونا شروع کردیا ۔

عدالت کی جانب سے کیس کا ٖفیصلہ 12 مارچ کو محفوظ کیا گیا تھا جبکہ ملزمہ کے خلاف 9 گواہوں کے بیانات ریکارڈ بھی کروائےگئے، کیس کے فیصلے کے موقع پر چیک ریپبلک سفارتخانے کی ڈپٹی سیکرٹری بھی موجود تھیں۔