Saturday, April 20, 2024

منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار رانا ثنا اللہ کی درخواست ضمانت مسترد

منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار رانا ثنا اللہ کی درخواست ضمانت مسترد
September 20, 2019

لاہور (92 نیوز) منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار رانا ثنااللہ کی درخواست ضمانت مسترد ہو گئی جبکہ پانچ شریک ملزمان کی ضمانت منظور کر لی گئی۔

ڈیوٹی جج خالد بشیر نے مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ اور دیگر شریک ملزمان کی درخواست پر سماعت کی۔ اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے چالان انسداد منشیات عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

 اے این ایف کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ رانا ثنا اللہ کیخلاف سی این ایس اے 1997 کی دفعات نائن سی، ففٹین اور سیونٹین کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

رانا ثنا اللہ کو اے این ایف حکام نے موٹروے پر منشیات کی بھاری مقدار کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔ رانا ثنا اللہ کے وکیل نے کہا تین گھنٹے کی تاخیر سے رانا ثناءاللہ کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔ رانا ثنا اللہ کی گاڑی بلٹ پروف تھی اسے باہر سے نہیں کھولا جا سکتا، رانا ثنا اللہ کے خلاف سیاسی کیس بنایا گیا۔

 اے این ایف کے وکیل رانا کاشف نے کہا کہ ایف آئی آر درج کرتے وقت تمام قانونی تقاضے پورے کیے۔ رانا ثنا للہ کی اہلیہ نے کہا ضمانت منسوخی کیخالف ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے۔