Saturday, May 11, 2024

منشیات برآمدگی کیس، رانا ثنااللہ پر شریک ملزم کی عدم پیشی پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی

منشیات برآمدگی کیس، رانا ثنااللہ پر شریک ملزم کی عدم پیشی پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی
March 20, 2021

لاہور (92 نیوز) 15 کلو ہیروئن برآمدگی کیس میں لیگی رہنماء رانا ثنااللہ لاہور کی انسداد منشیات عدالت میں پیش، شریک ملزم کی عدم پیشی کے باعث فرد جرم عائد نہ ہو سکی، عدالت نے آئندہ سماعت تین اپریل تک ملتوی کر دی۔

رانا ثناءاللہ کے خلاف منشیات اسمگلنگ کیس کی سماعت! لیگی رہنما لاہور کی انسداد منشیات عدالت میں پیش ہوئے،ملزم کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے دلائل دئیے۔

رانا ثنا اللہ کے شریک ملزم کی عدم پیشی کے باعث لیگی رہنماء پر فرد جرم کی کارروائی ایک بار پھر مؤخر کر دی گئی۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا شریک ملزم کو کورونا کی علامات تھی جس کےباعث وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکے۔

عدالت نے میڈیکل رپورٹ بارے اسفتسار کیا تو وکیل نے بتایا ملزم ابھی آئسولیشن وارڈ میں رپورٹ تاحال نہیں آئی۔

عدالت نے ریمارکس دئیے ایک ہفتے کی تاریخ دے رہے ہیں ہفتے بعد ملزم کی کورونا کی رپورٹ پیش کریں۔

وکیل نے کہا ایک ہفتہ کم ہے تاریخ تھوڑی لمبی دیں جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے جب رانا ثناءاللہ پر کیمرہ جاتا ہے تو وہ کہتے ہیں ڈیڑھ سال ہو گیا کیس کا کچھ نہیں بنا۔

میڈیا سے گفتگو میں رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ حکومت کے خلاف پی ڈی ایم منظم ہو گی اور لانگ مارچ بھی ضرور ہو گا۔

انسداد منشیات عدالت کیس پر مزید سماعت 3 اپریل تک ملتوی کر دی۔ اس موقع پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے۔