Friday, May 17, 2024

منشیات برآمدگی کیس، رانا ثناءاللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 21 دسمبر تک توسیع

منشیات برآمدگی کیس، رانا ثناءاللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 21 دسمبر تک توسیع
December 14, 2019
لاہور (92 نیوز) اینٹی نارکوٹکس عدالت لاہور میں 15 کلو ہیروئن برآمدگی کیس کے حوالے سے رانا ثناء اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 21 دسمبر تک توسیع کردی گئی۔ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر سابق صوبائی وزیر کو عدالت پیش نہیں کیا گیا۔ انسداد منشیات عدالت کے جج شاکر حسن نے کیس پر سماعت کی۔ اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے چالان انسداد منشیات عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ ڈی ایس پی سرفراز خان کی جانب سے عدالت میں رانا ثناءاللہ کے پیش نہ ہونے متعلق رپورٹ جمع کرائی۔ جیل انتظامیہ کے مطابق رانا ثناء اللہ کو لاءاینڈ آڈر کی صورت حال کے پیش نظر پیش نہیں کیا گیا۔ اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق رانا ثناء اللہ کے خلاف سی این ایس اے 1997ء کی دفعات 9 سی، 15 اور 17 کے تحت کیس درج کیا گیا۔ رانا ثناء اللہ کو اے این ایف حکام نے یکم جولائی کو موٹر وے پر ناکہ لگا کر منشیات کی بھاری مقدار کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔ اس سے قبل سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے خلاف منشیات کے مقدمے کی سماعت کرنے والے جج کی عدم دستیابی پر انکے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 ستمبر تک مزید توسیع کی گئی تھی۔ رانا ثناء اللہ اور انکے خلاف مقدمے میں شریک ملزموں کو جوڈیشل کمپلیکس میں انسداد منشیات کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں خصوصی عدالت کے جج مسعود ارشد کی تبدیلی کے باعث مقدمے پر کوئی کارروائی نہ ہو سکی تھی اور جوڈیشل ریمانڈ میں مزید اضافہ کر دیا گیا تھا۔