Thursday, April 25, 2024

منشیات برآمدگی کیس، رانا ثنا اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

منشیات برآمدگی کیس، رانا ثنا اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع
August 24, 2019

لاہور (92 نیوز) منشیات برآمدگی کیس میں رانا ثنا اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی گئی۔ عدالت نے ملزم کو 7 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

اے این ایف حکام سے آئندہ سماعت پر تفتیشی رپورٹ طلب کر لی گئی۔ اے این ایف پراسیکیوٹر نے رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کی سی سی ٹی وی فوٹیج  عدالت میں پیش کر دی جسے ملزم کے دستخط کے بعد سیل کر دیا گیا۔ ادھر گرفتاری کے وقت لی گئیں چیزیں رانا ثنا اللہ کو واپس کر دی گئیں۔

منشیات اسمگلنگ کیس میں لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر انسداد منشیات کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ فاضل جج مسعود ارشد نے کیس پر سماعت کی۔

 لیگی رہنما کی جانب سے اعظم نذیر تارڑ اور فرہاد علی شاہ بطور وکیل پیش ہوئے۔ اے این ایف حکام نے رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کی سی سی ٹی وی فوٹیج عدالت میں پیش کر دی۔ عدالت نے سی سی ٹی وی فوٹیج کو سیل کر کے رانا ثنا اللہ کے دستخط کرائے۔

عدالت میں رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کے دوران ضبط کی گئی چیزیں بھی واپس دے دی گئیں۔ وکلا کی درخواست پر رانا ثناء اللہ کو پرس، بیگ،عینک، شناختی کارڈ، قومی اسمبلی کا کارڈ اور دیگر اے ٹی ایم کارڈز دیئے گئے۔

 انسداد منشیات عدالت کے جج نے رانا ثنا اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفتیشی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے درخواست ضمانت پر بحث کیلئے وکلا کو 28 اگست کو طلب کر لیا ہے جبکہ اے این ایف کی جانب سے اثاثے ضبط کرنے کی درخواست پر 7 ستمبر کو رانا ثنا اللہ کے وکلا کو بحث کیلئے طلب کیا ہے۔