Thursday, March 28, 2024

منشیات برآمدگی کیس ، رانا ثنا اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 24 اگست تک توسیع

منشیات برآمدگی کیس ، رانا ثنا اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 24 اگست تک توسیع
August 9, 2019
 لاہور (92 نیوز) منشیات برآمدگی کیس میں رانا ثنا اللہ سمیت دیگر ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 24 اگست تک توسیع ہو گئی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر سی سی ٹی وی فوٹیج پیش کرنے کا حکم بھی دے دیا۔ لاہور کی احتساب عدالت میں بڑی پیشیاں ہوئیں۔ منشیات کیس میں لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کو بھی پیش کیا گیا۔ دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ رانا ثناء اللہ کی گاڑی کی سی سی ٹی وی فوٹیج پیش کی جائے۔ منشیات کیس میں رانا ثناء اللہ کے شریک ملزموں کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت انہیں وکیل کرنے کی مہلت دے۔ احتساب عدالت کے جج نے شریک ملزموں کی استدعا منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت چوبیس اگست تک ملتوی کر دی۔ رانا ثناء اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں چوبیس اگست توسیع کرتے ہوئے عدالت نے ملزم کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔ احتساب عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے۔ ہم ڈرنے والے نہیں،تمام مظالم حوصلے کے ساتھ برداشت کریں گے۔ حکومت نے تمام اداروں کو سیاسی انتقام پر لگا رکھا ہے۔ سسر سے ملنے کے لئے آنے والے رانا ثناء اللہ کے داماد رانا شہریار کو پولیس نے احتساب عدالت سے حراست میں لے لیا۔ رانا شہریار کے وکلا اور لیگی کارکنوں نے پولیس کے ساتھ ہاتھا پائی کی اور راناثناء اللہ کے داماد کو چھڑوانے کی کوشش کرتے رہے۔ ذائع کے مطابق رانا شہریار کے خلاف فیصل آباد میں مقدمہ درج ہے جس کی بنیاد پر فیصل آباد پولیس نے انہیں حراست میں لیا۔