Monday, May 13, 2024

منشیات برآمدگی کا کیس ، رانا ثنااللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع

منشیات برآمدگی کا کیس ، رانا ثنااللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع
November 16, 2019
 لاہور (92 نیوز) منشیات برآمدگی کے کیس میں لیگی رہنما رانا ثنااللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کر دی گئی۔ دوران سماعت رانا ثناء اللہ کے وکلاء نے مقدمے کا مکمل ریکارڈ اور فوٹیجز فراہم کرنے کی استدعا کر دی۔ رانا ثناء اللہ کے وکیل فریاد علی شاہ نے بتایا کہ 4 جولائی کو وفاقی وزیر اور اے این ایف نے پریس کانفرنس میں دعوی کیا تھا کہ رانا ثناء اللہ کی تین ہفتوں کی سرویلنس کی فوٹیج موجود ہے جو کہ وزیراعظم کو بھی دکھائی گئی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ اگر کوئی ایسی فوٹیجز موجود ہیں تو اس کی کاپی فراہم کی جائیں جس پر عدالت نے تحریری درخواست جمع کروانے کا کہا ہے۔ گذشتہ سماعت پر  اے این ایف کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ پہلے ملزم کا سی ڈی آر اور اب تفتیشی کے فون کا ریکارڈ طلب کیا جا رہا ہے۔ ہمارا مقدمہ سیدھا ہے۔ عدالت ہماری درخواست کے مطابق فرد جرم عائد کر کے روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل شروع کرنے کا حکم دے۔