Sunday, September 8, 2024

منشا بم کیس ، ڈی سی لاہورکو آج ہی معاملات حل کرکے متاثرین کو پلاٹس دینے کا حکم

منشا بم کیس ، ڈی سی لاہورکو آج ہی معاملات حل کرکے متاثرین کو پلاٹس دینے کا حکم
December 1, 2018
لاہور (92 نیوز) منشا بم کیس میں چیف جسٹس نے ڈی سی لاہور کو آج ہی معاملات حل کر کے متاثرین کو پلاٹس دینے کا حکم دے دیا۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں منشا بم کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے ڈی سی لاہور کو آج ہی معاملات حل کر کے متاثرین کو پلاٹس دینے کا حکم دیا اور ریمارکس دیئے کہ ایک منشا بم پولیس سے نہیں سنبھالا گیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا وزیراعلیٰ نے شور ڈالا تھا کہ بلا امتیاز کارروائی کرکے زمینیں واگزار کرائیں  گے، دو دن آپریشن کیا پھر چپ کر کے بیٹھ گئے۔ بتایا جائے شہری علاقوں میں تحصیلدار کس طرح کام کر رہے ہیں۔ تحصیلداروں نے تباہی کر رکھی ہے۔ کسی کی زمین کسی کے نام کر دیتے ہیں۔ متعلقہ ایس پی کے پیش نہ ہونے پر چیف جسٹس برہم ہوئے اور کہا منشا بم کیخلاف اتنی شکایتیں ہیں اور آپ یہ کیا رپورٹ دے رہے ہیں۔ بلایا کس کو جاتا ہے آ کون رہا ہے ۔ یہ قانون کی رکھوالی کر رہے ہیں آپ؟۔ چیف جسٹس کا ڈی آئی جی آپریشن سے استفسار ہوا اور کہا تمھاری کیا رشتے داری ہے منشاء بم سے، کیوں اسے بچا رہے ہو۔ آپ یونیفارم میں واپس نہیں جائیں گے۔ منشا بم کی عدالت میں ہاتھ جوڑکر  روتے ہوئے رحم کی اپیل پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اس وقت رونا یاد نہیں آیا جب لوگوں کی زمینوں پر قبضہ کرتے تھے۔ تمہیں خوف خدا نہیں ،کیا مرنا یاد نہیں ہے ، تمہارے لیے کبھی افضل کھوکھر آجاتا ہے کبھی کوئی۔ چیف جسٹس نے منشا بم کیس کے مدعی کی شکایت پر جج کو تبدیل کر دیا۔ آئی جی کو منشا بم کے متاثرین کے لیے اشتہار دینے اور قبضہ گروپوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت بھی کر دی۔ کیس کی سماعت کل تک ملتوی کرتے ہوئے ڈی سی لاہور سے رپورٹ طلب کر لی۔