Friday, May 10, 2024

مناسک حج کی ادائیگی کے لیے عازمین کے قافلے رواں دواں

مناسک حج کی ادائیگی کے لیے عازمین کے قافلے رواں دواں
July 17, 2021

ریاض (92 نیوز) مناسک حج کی ادائیگی کے لیے عازمین کے قافلے رواں دواں ہیں۔ پہلا قافلہ مکہ مکرمہ پہنچ گیا۔

سعودی حکام کے مطابق 60 ہزار افراد کو خصوصی بسوں کے ذریعے مکہ مکرمہ پہنچایا جارہا ہے۔ حجاج کرام کو آٹھ ذوالحج نماز ظہر سے قبل منیٰ پہنچایا جائے گا۔

دنیا بھر میں کورونا کی عالمی وبا کے باعث مسلسل دوسری بار حج کورونا ایس او پیز پر عملدآمد کرتے ہوئے ادا کیا جارہا ہے، جس میں صرف سعودی شہری یا وہاں مقیم دیگر ممالک کے مسلمان جنہیں کوویڈ 19 ویکسین کی دونوں ڈوزز لگ چکی ہیں وہی شرکت کر سکیں گے۔

حج کے دوسرے دن نویں ذی الحج کوسورج طلوع ہونے كے بعد حجاج کرام عرفات كى طرف روانہ ہونگے، وہاں ظہر اور عصر كى نمازيں ادا کریں گے۔ اس دن عرفات کے میدان میں ٹھہرنے کو وقوف عرفہ کہا جاتا ہے اور اصل حج کا دن یہی ہوتا ہے۔

غروب آفتاب کے بعد حجاج کرام عرفات سے مزدلفہ کی طرف روانہ ہونگے اور مغرب و عشا كى نمازيں مزدلفہ پہنچ كر ایک ساتھ ادا کی جائیں گی۔ حجاج مزدلفہ میں رات گزارتے اور یہاں رمی جمرات کے لیے کنکریاں اکٹھی کریں گے۔

کورونا کی وجہ سے محدود عازمین کو حج کی ادائیگی کی اجازت دی گئی ہے۔ اس سال 60 ہزار مقامی افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے جبکہ مسجد الحرام سے میدان عرفات، مزدلفہ کے لیے پیدل روانگی کی اجازت نہیں ہو گی۔ عرفات، مزدلفہ جانے کے لیے خصوصی بس سروس چلائی جائے گی۔

سعودی حکومت نے مکہ مکرمہ میں حجاج کرام کے لیے 10 اسپتال اور 82 طبی مراکز صحت قائم کر دئیے ہیں۔ تمام اسپتالوں اور طبی مراکز کو کوویڈ19  کے ایس اوپیز کے مطابق طبی سہولیات کی فراہمی کی جائے گی۔